‘محسن رانجھا کی سی سی پی او پر غصہ کی وجہ چوری کی برآمد شدہ گاڑیاں تھیں’


Mian Fayyaz Ahmed Posted on September 24, 2020

اسلام آباد:معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ لیگی رہنما محسن شاہنواز رانجھا کی سی سی پی او عمر شیخ پر غصہ کرنے کی وجہ ان کے گھر سے برآمد چوری کی گاڑیاں تھیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں معاون خصوصی برائے سیاسی روابط نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اچھا تو محسن رانجھا کی سی سی پی او لاہور عمر شیخ پر غصہ کرنے کی وجہ ان کے گھر سے برآمد چوری کی گاڑیاں تھیں۔ڈاکٹڑ شہباز گل نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ سرکاری افسر آپ کے غلام نہیں کہ آپ پارلیمنٹ کی کمیٹی میں بلا کر ان کی بے عزتی کریں۔ان کا کہنا تھا کہ آپ سوال کر سکتے ہیں، ان کا کام آپ کو جواب دینا ہے۔ اب غصہ کرنے سے بہتر تھا چوری کی گاڑی نہ رکھتے۔

خیال رہے کہ سی سی پی او لاہور عمر شیخ گزشتہ روز قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی میں پیش ہوئے تھے۔ تاہم لیگی رکن اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا ان پر برہم ہو گئے تھے۔سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ ایک واقعے پر ایک سے زائد ایف آئی آر نہیں ہو سکتی۔ اس پر محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ آپ بتائیں کہ اس واقعے دہشتگردی کی دفعہ کیسے لگی؟اس کا جواب دیتے ہوئے عمر شیخ نے کہا کہ آپ پہلے یہ بتائیں کہ کیا ایک وقوعے پر ایک سے زائد ایف آئی آر درج ہو سکتی ہے؟ لیگی رکن اسمبلی نے اس بات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ پارلیمنٹ کے سامنے پیش ہوئے ہیں میں نہیں، مجھ سے سوال نہ کریں، آپ سے جو پوچھا وہ بتائیں، آپ ہوتے کون ہیں مجھ سے سوال کرنے والے۔

محسن رانجھا نے کمیٹی چیئرمین کو کہا کہ میرا استحقاق مجروح ہوا ہے۔ سی سی پی او لاہور نے جس طرح اس خاتون کے بارے میں بات کی، اس سے ان کی سوچ کا اندازہ ہوتا ہے۔ذرائع کے مطابق سی سی پی او کا کہنا تھا کہ سچ بتاؤں تو میں رانا تنویر کے خلاف ایف آئی آر تفصیل سے نہیں پڑھ سکا۔ اس پر اراکین کمیٹی نے کہا کہ عمر شیخ آپ اتنے غیر سنجیدہ ہیں کہ ایف آئی آر بھی نہیں پڑھی۔اس کا جواب دیتے ہوئے سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے کمیٹی اراکین کے سامنے ہاتھ جوڑتے ہوئے کہا کہ ‘’مینوں معاف کر دیو’’۔اس پر اراکین کمیٹی کا کہنا تھا کہ لگتا ہے آپ معافیوں کی بوری بھر کر لائے ہیں۔ سی سی پی او صاحب! آپ اتنا سیدھا کیوں بولتے ہیں۔ اس کا جواب دیتے ہوئے عمر شیخ نے کہا کہ میں جنوبی پنجاب سے ہوں، وسطی پنجاب میں آ کر پھنس جاتا ہوں۔شہباز گل نے ٹویٹر پر آج اپنے بیان میں لکھا کہ تمام ثبوتوں کے ساتھ یہ ہیں وہ ایف آئی آر اور چوری کا مقدمہ جن کی وجہ سے محسن شاہ نواز رانجھا صاحب نے گزشتہ روز سی سی پی او لاہور کو بے عزت اور توہین کرنے کی کوشش کی۔ یہ کسی کے باپ کا ملک نہیں، آپ کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ آپ کسی سرکاری افسر کی توہین کریں۔